پاکستان، بھارت تعلقات میں آئندہ 5 ماہ انتہائی کٹھن اور اہم ہونگے: عبدالباسط
نئی دہلی (ثناء نیوز+ آن لائن) پاکستان نے نئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی ہے ۔بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے مودی کو دورہ پاکستان کی دعوت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں ہے اور اس سلسلے میں یہ بات ضروری ہے دونوں ممالک کشمیر جیسے اہم مسائل کو ایڈریس کرنے کی کوشش کریں عبدالباسط نے نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ اگلے پانچ ماہ پاکستان، بھارت تعلقات میں انتہائی کٹھن اور اہم ہوں گے تاہم انہوں نے واضح کر دیا کہ بھارت میں نئے وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں جو حکومت بن رہی ہے اس کے ساتھ بھی پاکستان مذاکرات کے لئے تیار ہے اور ان مذاکرات میں بھی مسئلہ کشمیر کو مذاکراتی میز پر سرفہرست رکھنا ہو گا۔ انہوں نے بھارت کو تجویز پیش کی کہ بھارت کی نئی حکومت کو مسئلہ کشمیر پر کوئی بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہو گی بلکہ بھارت کو اس تنازعے کے حوالے سے اپنا وہ وعدہ پورا کرنا ہو گا۔ آن لائن کے مطابق انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کو مسئلہ کشمیر پر بات چیت کرنے میں کوئی شرمندگی نہیں ہونی چاہئے۔ جو اس نے عالمی برادری کے ساتھ کیا ہے۔ عبدالباسط نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سردخانے یا لٹکائے رکھنے سے کوئی بھی فائدہ نہیں ہے بلکہ دونوں ممالک کو مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اندر قومی سطح پر اتفاق رائے پیدا ہو گیا ہے کہ بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہوں اور نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان مذاکرات کا سفر جاری رہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بات چیت کو مشروط کرنے کا روایتی موقف تبدیل کرنا ہو گا۔ مسئلہ کشمیر پر ٹھوس پیشرفت کرناہو گی۔