• news

14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج، فیصل آباد میں گیس بندش کیخلاف مظاہرہ

لاہور، فیصل آباد (کامرس رپورٹر+نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) ملک میں گزشتہ روز بھی بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ بجلی کی قلت 2 ہزار میگاواٹ ریکارڈ کی گئی جسے پورا کرنے کیلئے شہروں میں 8 سے 10 گھنٹے جبکہ دیہاتوں میں 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی گئی جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ لوڈشیڈنگ کے باعث کئی علاقوں میں پانی کی قلت رہی جبکہ فیصل آباد میں گیس کی بندش کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ٹائر جلا کر سڑک کو بلاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گڑھی شاہو، مصری شاہ، اندرون شہر، علامہ اقبال ٹائون، مزنگ، فیض باغ، سمن آباد سمیت دیگر علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہوتی رہی جس پر ان علاقوں کے لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ تمام علاقوں میں شیڈول کے مطابق کی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں گزشتہ روز دن بھر بجلی بند رہنے سے شہری سخت پریشان رہے۔ جبکہ لوگوں کا کاروبار بھی ٹھپ رہا۔ شہریوں نے واپڈا کی جانب سے شہر میں مسلسل کئی کئی گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ارباب اختیار سے اس کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر فیصل آباد کے محلہ اسلام نگر اور اس سے ملحقہ رہائشی کالونیوں میں عرصہ دراز سے سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف علاقہ مکین مرد و خواتین نے جامعہ چشتیہ چوک میں ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے مکمل طور پر بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے حکومت اور محکمہ سوئی گیس کے افسران بالا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ قومی اسمبلی  کی قائمہ کمیٹی برائے  پانی و بجلی کو بتایا گیا ہے کہ جون اور جولائی میں لوڈشیڈنگ مزید کم ہو  جائے گی،  رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے اوقات میں تین تین گھنٹے لوڈشیڈنگ نہ ہوگی،جبکہ کمیٹی نے خیبر  پی کے کی شکایات دور کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی  کا اجلاس محمد ارشد لاشاری  کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں  بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بارے میں  بریفنگ دی گئی، اجلاس  میں  بجلی کے تقسیم  کار کمپنیوں کے سربراہوں کی شرکت، وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی کی عدم شرکت  پر ارکان کمیٹی نے اظہار ناراضگی کیا۔ کمیٹی ارکان کو بریفنگ  دیتے ہوئے سیکرٹری نے کہا کہ  ملک میں بجلی کا شارٹ فال 2000میگا واٹ ہے  شہری علاقوں میں پانچ اور دیہی علاقوں میں  چھ گھنٹے  لوڈ شیڈنگ  ہو رہی ہے۔ سیکرٹری نے بتایا کہ جون  اور جولائی  میں لوڈشیڈنگ  مزید کم ہو جائے گی۔  سیکرٹری پانی و بجلی  نے اجلاس میں بتایا کہ آزاد کشمیر  حکومت 37 ارب  روپے کی نادہندہ ہے  اجلاس میں ایم کیو ایم  کے رکن قومی اسمبلی  سید وسیم حسین نے بتایا کہ  سندھ میں صدر آباد کے علاقے میں  پانی کی شدید کمی ہے  لوگ پانی پینے کے لیے ترس گئے ہیں اور میت کو غسل  دینے کے لیے بھی پانی موجود نہیں ہوتا  جو حیسکو کی نااہلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن