وزارت دفاع کی بس پر حملہ کیس، 20 مرتبہ سزائے موت پانے والے مجرم کی اپیل پر فریقین کے وکلاء ہائیکورٹ میں طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے راولپنڈی میں وزارت دفاع کی بس پر حملہ کیس میں20 مرتبہ سزائے موت پانے والے مجرم عمر عدیل کی سزاء کے خلاف اپیل پر فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد حمید ڈار اور جسٹس سردار شمیم پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ مجرم عمر عدیل کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انسدا ددہشت گردی راولپنڈی کی عدالت نے بغیر کسی ثبوت اور گواہ کے 20 مرتبہ سزائے موت سنا دی لہٰذا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم نے راولپنڈی کے آرے بازار میں خود کش حملہ آور شکیل پٹھان کو اس حملہ میں مکمل معاونت فراہم کی اور اپنی گاڑی میں وزارت دفاع کی بس کے قریب اتارا،اس دہشت گردی کی کارروائی میں وزارت دفاع کے20 افراد شہید اور36زخمی ہوئے، ملزم کسی رعائیت کا مستحق نہیں۔ سرکاری وکیل کی جانب سے مزید دلائل کے لیے وقت مانگنے پر عدالت نے کیس کی سماعت 24 جون تک ملتوی کردی۔