• news

مودی نے گجرات کی وزارت اعلیٰ چھوڑ دی، اسمبلی سے خطاب میں رو پڑے

گاندھی نگر (نیوز ڈیسک) نو منتخب بھارتی وزیراعظم اور گجرات کے سبکدوش ہونیوالے وزیراعلیٰ نریندر مودی نے گزشتہ روز باقاعدہ وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیدیا۔ انہوں نے اپنے وزرائ، ارکان اسمبلی اور سیکرٹریٹ کے افسروں اور عملے سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔ ریاستی اسمبلی سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے مودی فرطِ غم سے رو پڑے۔ انہوں نے کہا گجرات میرے بعد بھی ترقی کے راستے پر چلتا رہیگا، اگر مجھ سے کوئی غلطی ہو گئی ہو تو معاف کر دینا۔ وزیراعلیٰ کی حیثیت سے یہ میری چوتھی ٹرم تھی جو ختم ہو گئی ہے۔ مودی نے کہا کہ میں اپوزیشن کا خاص کر تعاون کیلئے مشکور ہوں۔ یاد رہے کہ مودی کی بااعتماد ساتھی خاتون آنندی بین پٹیل کو ریاست کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا ہے۔ وہ 80ء کی دہائی سے بی جے پی سے وابستہ ہیں، مودی کی کابینہ میں وزیر رہیں۔ آنندی پٹیل ایک محنتی اور قابل سیاستدان کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ آنندی پٹیل کافی عرصے تک سکول کی ٹیچر رہیں۔ انہوں نے کئی سال قبل جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈیم میں چھلانگ لگا کر ایک عورت اور اسکے دو بچوں کو ڈوبنے سے بچایا تھا جس سے انکی شہرت بھارت بھر میں پھیل گئی۔

ای پیپر-دی نیشن