• news

ایپکا کی اپیل پر سرکاری ملازمین کا مطالبات کے حق میں احتجاجی مارچ

لاہور (سپیشل رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر پنجاب چودھری محمد افضل کی کال پرلاہور ڈویژن کے تمام محکمہ جات کے سینکڑوں ملازمین نے ڈویژنل صدر ایپکا چودھری عبدالشکور، ڈویژنل جنرل سیکرٹری ایپکامحمد ندیم چغتائی کی قیادت میں کوآپریٹو رجسٹرار آفس مال روڈ سے ہائیکورٹ چوک تک احتجاجی مارچ کیا۔ محمد ندیم چغتائی نے احتجاجی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم 10سے 15فیصد تنخواہوں میں اضافہ کی سمری وزیراعظم پاکستان کو بجھوائے جانے کو مسترد کرتے ہیں اور وزیراعظم پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ تمام ایڈہاک الائونسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرکے نئے پے سکیل 2014ء بنائے جائیںجو مالی سال 2014-15ء سے لاگو ہوں ، کنٹریکٹ ملازمین کوفی الفور ریگولر کیا جائے، ہائوس رینٹ موجودہ پے سکیل پردیا جائے، میڈیکل الائونس، کنوینس الائونس میں بھی اضافہ کیا جائے۔پنجاب میں ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھا جا رہا ہے اور کرپشن عروج پر ہے۔  لاہور کالج فور ومین یونیورسٹی کے ایپکا عہدیداران منظر اسلام ، صغیر احمد، پرویز احمد، عدیل و دیگر ملازمین کو فوری نوکریوں پر بحال کیا جائے۔ چودھری عبدالشکور نے کہا کہ اگر حالیہ بجٹ میں ملازمین کو ایپکا چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق ریلیف نہ دیا گیا تومرکزی وصوبائی قائدین کی کال پر وطن عزیز کے 22لاکھ کلرکس و ملازمین بھی سڑکوں پر شدید احتجاج کریں گے اور اس وقت تک واپس دفاتر میں نہیں جائیں گے جب تک مطالبات تسلیم نہیں کر لئے جاتے۔  ملتان میں محکمہ ایریگیشن ابدالی روڈ میںاحتجاجی جلسہ کیا گیا جس کی قیادت مرکزی چیئرمین محمد سلطان مجددی، مرکزی صدر پاکستان منیراحمد بلوچ،مرکزی جنرل سیکرٹری پاکستان سید فدا اصغر، مرکزی سینئر نائب صدرسیف اللہ چھنہ، نائب صدرپاکستان ملک عباس کھوکھر، صوبائی صدر ایپکا پنجاب چودھری محمد افضل، ڈویژنل صدر ملتان رانا اقبال نون، ڈویژنل جنرل سیکرٹری ملتان مخدوم اظہر حسن گیلانی،چیئرمین ایپکا ملتان راشد حسین بٹ اور دیگر نے کی بعد میں جلوس کی شکل میں نواں شہر چوک تک احتجاج کیا گیا۔محمد سلطان مجددی نے کہا کہ گریڈ ایک تا سولہ تک تمام سرکاری ملازمین کو بلا امتیاز ٹائم سکیل پروموشن کا اجراء کیا جائے اور صوبہ خیبر پی کے کے طرز پرپوسٹوںکی اپ گریڈیشن کی جائے، صوبائی صدر محمد افضل بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں موجودہ مہنگائی کی تناسب سے اضافہ کیا جائے اور پے سکیل فوری طور پر ریوائز کئے جائیں، اگر ہمارے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو بجٹ کے موقع پر اسلام آباد پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کریں گے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی کال پر ضلع بھر کے سرکاری ملازمین مطالبات کے حق میں آج ہڑتال اور دفاتر کی تالابندی کرینگے۔ ایپکا حافظ آباد کے ایک ونگ کے صدر محمد ناصر امین کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر مطالبات کے لئے ملازمین آج مکمل ہڑتال کرینگے اور ای ڈی او ایجوکیشن کے دفتر سے جناح چوک تک ریلی بھی نکالی جائیگی ان کا کہنا ہے کہ 29مئی کو جنرل بس سٹینڈ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی جبکہ 4 جون کو اپنے مطالبات کے حق میں پارلیمنٹ اسلام آبد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن