جیو اور جنگ قوم سے معافی مانگیں، جرمانے کی سزا لاگو کی جائے: شیریں مزاری
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ جیو نے انتخابات میں قبل از وقت پاکستان مسلم لیگ ن کی فتح کا اعلان کیا جس کا جیو نے نجم سیٹھی کی جانب سے35 پنکچر لگانے پر پی سی بی کی چئرمین شپ، افتخار احمد کو پنجاب ہائوسنگ اتھارٹی کا وائس چئرمین بنا کر انعام وصول کیا۔ جنوری 2014ء میں ایف بی آر نے نجم سیٹھی کا ٹیکس بھی معاف کر دیا۔ حکومت ہر سطح پر نجم سیٹھی کا دفاع بھی کر رہی ہے۔ پاکستان سری لنکا کرکٹ میچوںکے تمام حقوق صرف جیو نے لئے جبکہ اس میں پی ٹی وی کو بولی میں حصہ بھی نہ لینے دیا گیا اور جیو کو حقوق کے واجبات اور بینگ گارنٹی ادا نہ کرنے پر نادہندہ قرار دے کر بلیک لسٹ کیوں نہ کیا گیا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے ریجنل آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی قائدین سیف اللہ خان نیازی، منزہ حسن، نعیم الحق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ آٹھ گھنٹے تک آئی ایس آئی کے سربراہ کے خلاف جیو نے مسلسل نشریات چلائیں لیکن اس پورے عرصے میں اسے روکنے کی کوئی کوشش ہی نہ کی گئی۔ یہ بات سامنے آئی ہے کہ آئی ایس پی آر نے اس موقع پر وزیر اطلاعات اور جیو سے رابطے کی کوشش کی لیکن ان میں سے کوئی بھی دستیاب نہ ہوا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے پیمرا میں بھجوائے جانے والی وزارت دفاع کی پٹیشن کو وزارت قانون بھجوانے کی ہم بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔ پیمرا نے کیپٹل ٹی وی چینل بند کرنے کے موقع پر پیمرا کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے کمیٹی بنائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دوبئی میں سرکاری ٹیم کا جاکر میر شکیل الرحمٰن سے ملاقات کرنے پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزراء مسلسل جیو کے حق میں آواز بلند کئے ہوئے ہیں اور فوج کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ وزراء ایسا تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جیسے یہ معاملہ کوئی جیو اور فوج کے درمیان جھگڑا ہے۔ یہ انتہائی خطرناک کھیل ہے۔ اس سے قومی ادارے تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ہم جیو کی بندش کا مطالبہ نہیں کرتے لیکن اگر اس نے قانون توڑا ہے تو اسے جرمانے کی سزا دے کر اسے لاگو کیا جائے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے مطالبہ کیا کہ جیو اور جنگ گروپ کو بیرون ممالک میں حکومتوں اور تنظیموں سے جو رقوم ملی ہیں ان کا فوری آڈٹ کرایا جائے۔ جیو اور جنگ کے مالکان فوری طور پر مارننگ شو میں ہرزہ سرائی اور 8 گھٹے تک ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف پروپیگنڈے پر قوم سے معافی مانگیں۔ جنگ اور جیو عمران خان کیخلاف مہم چلانے پر بھی معافی مانگے۔