• news

ملک بھر میں یوم حضرت امیر معاویہ ؓ عقیدت و احترام سے منایا گیا

کراچی (نیوزرپورٹر) اہل سنت و الجماعت کی جانب سے ملک بھر میں  22رجب المرجب یوم امیر معاویہؓ عقیدت اور احترام کیساتھ منایا گیا۔کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور، ملتان، سکھر، حیدر آباد، بہاولپور، جھنگ، فیصل آباد، خیرپور، ٹنڈوالہ یار، شکارپور، نوابشاہ، نوشہروفیروز، ماتلی، شہدادکوٹ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مدح صحابہؓ  جلوس نکالے گئے۔ کراچی میں اہل سنت و الجماعت کی جانب سے مدح صحابہؓ جلوس لسبیلہ چوک سے نکالا گیا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا گرومندر پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی قیادت اہل سنت و الجماعت کے مرکزی رہنماء علامہ اورنگزیب فاروقی  نے کی۔ اس موقع پر اہل سنت و الجماعت کے رہنماؤں، علامہ اورنگزیب فاروقی، مولانا اللہ وسایاصدیقی، مولانا رب نواز حنفی، ڈاکٹر محمد فیاض، مولانا تاج محمد حنفی، سنی علماء کونسل کے علامہ ابوسعود یوسف اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیدنا امیر معاویہؓ نے 64 لاکھ 65ہزار مربع میل زمین پر خلافت کا نظام قائم کیا۔ جو لوگ حضرت امیر معاویہؓ کی کردارکشی کی کوشش کر رہے ہیں وہ اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں صحابہ کرامؓ اسلامی عمارت کے ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرات امیر معاویہؓ کی زندگیوں کو عملی جامہ پہنا کر ہی عوامی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ پانچ سالہ دور حکومت میں علامہ علی شیر حیدری، مولانا اسلم شیخوپوری، مولانا عبد الغفور ندیم، مولانا سعید احمد جلال پوری، مفتی عبد المجید دینپوری، حافظ احمد بخش ایڈوکیٹ، انجینئر الیاس زبیر، منظور خان،مولانا احسان اللہ فاروقی،مفتی سعود الرحمن،مولانا اکبر سعید،مفتی ذیشان شہید سمیت ہزاروں اہل سنت علمائ، رہنما، کارکنان اور اہل سنت عوام کو خاک و خون میں نہلا دیا گیا لیکن قاتل آج تک کسی کے گرفتار نہیں کئے گئے بلکہ الٹا ہمارے پر امن اور بے گناہ کارکنوں کو گھروں سے گرفتار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اہل سنت کے قتل عام میں ملوث عناصر کو حکومت گرفتار کرکے بے نقاب کرتی تو آج صورتحال قدر مختلف ہوتی۔ مقررین نے اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ اہلسنت کے قتل عام میں ملوث دہشت گردوں کو حکومت فی الفور گرفتار کرے اور اہل سنت شہداء کے ورثاء کیلئے مناسب وظائف کا اعلان کرنے کیساتھ ساتھ بے گناہ اہل سنت کارکنان کو فوری طور پر رہا کرے۔ مدح صحابہؓ جلوس میں سنی علماء کونسل، جمعت علماء اسلام (س)، سنی وحدت کونسل ،سنی ایکشن کمیٹی، تحریک اہل سنت انٹرنیشنل، سنی طلباء اتحاد، سنی میڈیکل فورم، عالمی مجلس تحفظ اسلام اور دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ونمائندوں نے بھی شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن