فیصل آباد: مذاق اڑانے کے تنازع پر باپ بیٹے کو قتل کر دیا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) گلبرگ کے علاقے بکرمنڈی پل کے قریب مذاق اڑانے کے تنازعہ پر سابق ملازم نے فائرنگ کر کے باپ اور بیٹے کو قتل کر دیا۔ ملزم نے پولیس کو فون کرکے گرفتاری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ گلبرگ کے علاقے بکرمنڈی پل کے قریب مرزا حبیب اور اس کے جواں سالے بیٹے مرزا شاہد کو ان کے سابق ملازم محبوب قمر نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مقتول کی ویلڈنگ شاپ پر ایک سال قبل محبوب قمر ملازمت کرتا تھا اور بعد میں سامنے ویلڈنگ شاپ پر ملازمت اختیار کر لی تھی۔ قبل ازیں دونوں میں مذاق اڑانے پر تلخ کلامی بھی ہوتی تھی۔ گذشتہ روز مذاق اڑانے پر تلخ کلامی کے بعد مشتعل نوجوان نے فائرنگ کر دی۔ ملزم نے قتل کرنے کے بعد جائے وقوعہ پر رہا اور پولیس کو فون کر کے گرفتاری دی۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تھانہ گلبرگ کی بجائے تھانہ کوتوالی کی حوالات میں بند کر دیا ہے۔