راولپنڈی، اسلام آباد میں میٹرو بس منصوبے کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد (وقائع نگار) جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد میں میٹرو بس منصوبے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست گزار محمد حنیف اعوان نے وفاق، چیئرمین سی ڈی اے، چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین میٹرو پراجیکٹ راولپنڈی، اسلام آباد اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ لاہور میں میٹرو بس منصوبے پر خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود ٹریفک کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھ چکے ہیں جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میں یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس پر اربوں روپے خرچ کئے جائیں گے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لئے رقم نہیں ہے جبکہ دوسری طرف اس طرح کے منصوبوں پر قومی خزانے سے خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے۔