• news

تیسری قوت کی مداخلت کا امکان نہیں: خورشید شاہ

اسلام آباد (ثناء نیوز) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں تیسری قوت کی مداخلت کے امکانات کم ہیں اور اس کا امکان بھی نہیں ہے ۔ اب کوئی آمریت کو سپورٹ کرے گا تو ملک کے ساتھ دشمنی کرے گا ۔ حکومت پر ایسے الزامات نہیں لگا سکتا جو بعد میں ثابت نہ ہوں یہ اندھیرے میں گولی چلانے کے مترادف ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے چھ ماہ میں بجلی کا بحران ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے  حالانکہ اب بہت سے لوگ سولر سسٹم پر بھی چلے گئے ہیں ۔ میں نے اپنا ٹیوب ویل بھی سولر سسٹم پر کرا لیا ہے ۔ پیپلزپارٹی مظلوموں کی جماعت ہے جس نے بھی اس جماعت کے ساتھ زیادتی کی وہ اللہ کی پکڑ میں آ گیا جس کی تازہ مثال جیو ٹی وی کی ہے۔ انہوں نے 5 برس ہم سے زیادتی کی پھر بھی ہم اس کے حق میں نہیں کہ جیو کو بند کر دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو  میں کیا۔  انہوں نے کہا کہ اس بات کی توقع نہیں ہے کہ اس بجٹ میں نون لیگ عوام کو کوئی ریلیف دے  نہ تو کوئی تنخواہیں بڑھائی جا رہی ہیں اور نہ بجلی سستی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے تجویز کیا کہ حکومت کو 20 سے 25 پرسنٹ تنخواہوں اور پنشنوں میں اضافہ کرنا چاہئے۔ مودی حکومت کی طرف سے نوازشریف کو لکھا جانے والا خط مثبت ہے خطے میں امن کے لئے انہیں مثبت جواب دیا جانا چاہئے۔  اس سے خطے میں خوشحالی آئے گی اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ جمہوریت ہی مسائل کا حل ہے ۔ جمہوریت سے ہٹ کر طاقت کا استعمال کیا گیا تو ملک ٹوٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا فوج اور دفاع تبھی مضبوط ہو گا جب عوام ان کے ساتھ ہوں گے۔ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کو بروقت فیصلہ کرنا چاہئے ورنہ ملک کو نقصان ہوگا۔ میٹروبس منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جس کا ملک کو نقصان ہو گا تاہم اس میں نفع کی بات یہی ہے کہ اتفاق فائونڈری کا سریا بک جائے گا اور ہمارے ترک بھائی بھی خوش ہو جائیں گے  جن کی بسیں انتہائی مہنگی داموں خریدیں جا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے یہ اعلان کر کے کہ شہروں میں چھ اور دیہات میں آٹھ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو گی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے ۔ تمام لوگ برابر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن