نواز شریف، شجاعت، مشاہد حسین کا علیحدہ علیحدہ دورہ پمز، جھگڑا، میجر (ر) طاہر اقبال، ذوالفقار بلتی کی عیادت
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف، (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور (ق) لیگ کے سیکرٹری جنرل‘ چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع مشاہد حسین نے الگ الگ طور پر پمز ہسپتال کا دورہ کر کے مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل ظفر اقبال جھگڑا‘ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل مجید ملک کے داماد میجر (ر) طاہر اقبال اور وزیراعظم کے فوٹو گرافر ذوالفقار علی بلتی کی عیادت کی۔ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ وزیر خزانہ اسحق ڈار اور وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی بھی تھے۔ وزیراعظم کی آمد کے موقع پر سخت سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے۔ پمز کے سینئر ڈاکٹروں نے وزیراعظم کو ظفر اقبال جھگڑا کی صحت کے بارے میں بریف کیا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹروں کو ظفر اقبال جھگڑا کو تمام ممکنہ طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پارٹی اور حکومت کو آپ کی ضرورت ہے۔ میری دعا ہے اﷲ تعالیٰ آپ کو جلد از جلد صحت یابی عطا کرے۔ بعدازاں وزیراعظم ذوالفقار بلتی اور میجر طاہر اقبال کی عیادت کے لئے گئے۔ وزیراعظم نے پمز کے سربراہ ڈاکٹر جاوید اکرم سے کہا کہ ذوالفقار بلتی کو جلدی ٹھیک کر کے وزیراعظم ہائوس واپس بھیجیں ہمیں ان کی وہاں بڑی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کی پمز میں آمد کے تھوڑی دیر بعد چودھری شجاعت اور مشاہد حسین بھی پمز پہنچے اور تینوں کی باری باری عیادت کی۔ چودھری شجاعت اور مشاہد حسین آئی سی یو میںظفر اقبال جھگڑا کے پاس گئے اور ان کی عیادت کی۔ دونوں نے کہا کہ ظفر اقبال جھگڑا سیاست میں شائستگی کی علامت ہیں ملک کو ان جیسے سیاستدانوں کی بہت ضرورت ہے اﷲ تعالیٰ انہیں جلد صحت یابی عطا فرمائے۔