• news

بغاوت کا اعلان : تھائی لینڈ میں فوج نے حکومت سنبھال لی

بنکاک (بی بی سی +اے ایف پی)تھائی لینڈ میں فوج کے سربراہ نے فوجی بغاوت کا اعلان کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ فوج نے حکومت سنبھال لی ہے۔ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فوج نظم و ضبط بحال کرے گی اور سیاسی اصلاحات متعارف کروائے گی۔یاد رہے کہ منگل کے روز ملک میں فوج نے اہم سرکاری عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا تھا اور مارشل لا نافذ کر دیا تھا۔ اس موقعے پر فوج کا کہنا تھا کہ ملک کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کو بغاوت سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔ان کا موقف تھا کہ ملک میں حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان ایک عرصے سے جاری کشمکش اور سیاسی بحران کے بعد فوج نے مارشل لا نافذ کیا ہے۔ ملک کے عبوری وزیر اعظم کے چیف سکیورٹی ایڈوائزر کا کہنا تھا کہ فوج کے فیصلے کے بارے میں حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ مارشل کے نفاذ سے نگران حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور وہ اقتدار میں رہے گی۔مارشل لا کے اعلان میں کہا گیا کہ عوام کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور وہ اپنی زندگیاں معمول کے مطابق گزار سکتے ہیں۔ بنکاک سے بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ مختلف سیاسی رہنما مذاکرات کر رہے ہیں۔ یہ دوسرا دن ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو مذاکرات کے لیے آرمی کلب میں رکھا گیا ہے اور بظاہر فوج انھیں اس عمل میں شریک ہونے پر مجبور کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن