مقبوضہ کشمیر: گولہ پھٹنے سے بچی کی شہادت کیخلاف ہڑتال اور مظاہرے
سری نگر (اے این این + کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بارودی شیل دھماکے میں بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر احتجاجی مظاہرے ٗ مکمل ہڑتال ٗ دکانیں و کاروباری ادارے بند رہے ٗ طلباء کی جانب سے کلاسوں کا بائیکاٹ ٗ دفاتر میں حاضری نہ ہونے کے برابر ٗ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بارودی شیل کے حالیہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والی معصوم بچی کی یاد میں تحصیل صدر مقام کھاگ اور درنگ علاقہ میں مکمل ہڑتال کی گئی جس کے دوران علاقہ کے تمام سکولوں میں طلبا نے کلاسوں کا بائیکاٹ کرکے ایک احتجاجی ریلی نکالی جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ دوسری جانب حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کوئی چارج شیٹ جاری کئے بغیر نہتے شہریوں کا قتل سراسر ظلم اور زیادتی ہے ٗ ظلم و بربریت کے مرتکب بھارتی فوجی اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے ٗ مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں۔ علی گیلانی نے پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کو مشورہ دیا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے سہ فریقی مذاکرات کا عمل شروع کیا جائے۔ مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے سے خطے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے۔