• news

اے این ایف سرحد پار سے منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے سخت اقدامات کرے: نثار

اسلام آباد (آن لائن، این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے منشیات کا استعمال ہر معاشرے کو متاثر کرتا ہے اور اس لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے کوشش جاری رہنی چاہئیں۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل خاور حنیف سے ملاقات کے دوران  چوہدری نثار نے اے این ایف کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ان کی کوششوں سے پچھلے کئی برسوں سے پاکستان پوست سے پاک ملک بن گیا ہے۔ انہوں نے اے این ایف حکام سے کہا وہ سرحد پار سے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات کریں۔ انہوں نے افغانستان میں 2014ء کے بعد نشہ آور اشیاء کی پیداوار میں ممکنہ اضافے پر اپنے خدشات کا اظہار کیا اور کہا اس میں کمی کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے ڈی جی سے کہا وہ منشیات کی سمگلنگ کے نئے طریقوں اور مقامات کے بارے میں چوکس رہیں۔ ڈی جی نے وفاقی وزیر کو اے این ایف کو درپیش چیلنجز، انٹیلی جنس مین پاور کی کمی اور بجٹ کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی جلد ہی اے این ایف میں نوکریوں سے پابندی ہٹا لی جائے اور آپریشنل معاملات سے نمٹنے کیلئے فورس کے بجٹ پر غور کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن