• news

ججز نظر بندی کیس: مشرف کی غیرحاضری پر عدالت برہم، 13جون کو پیش ہونے کا حکم

اسلام آباد (این این آئی) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مشرف کو ججز نظربندی کیس میں ایک روز حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے 13 جون کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے جج عتیق الرحمان نے استفسار کیا کہ مشرف کو حاضر ہونے کا حکم دیا تاہم وہ کیوں پیش نہیں ہوئے جس پر مشرف کے وکیل نے بتایا کہ وہ بیمار ہیں اور ان کو سکیورٹی خدشات کا بھی سامنا ہے۔ عدالت نے کہا کہ پولیس پرویز مشرف کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے تیار ہے، اگر پولیس نے سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تو پھر وہ کیوں پیش نہیں ہو رہے۔ مشرف کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کیلئے درخواست دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی کہ پرویزمشرف کو بیماری اور سکیورٹی وجوہات کی بنا پر حاضری سے مستقل استثنیٰ دیا جائے۔  مشرف کے وکیل نے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ نے بگٹی قتل کیس میں کہا  کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد حاضری سے استثنیٰ مل سکتا ہے۔ آرٹیکل چھ کے مقدمے میں خصوصی عدالت بھی مشرف کو فرد جرم عائد ہونے کے بعد استثنیٰ دے چکی ہے۔ بعد ازاں عدالت نے مستقل استثنیٰ کی درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کردیا۔ سپیشل پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش آئندہ سماعت پر اپنا مؤقف پیش کریں گے۔ دوسری جانب تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش کو سکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ گاڑی میں پٹرول بھی نہیں اور نفری کی بھی کمی ہے، بعد میں سماعت 13جون تک ملتوی کردی گئی۔ دوران سماعت کمرہ عدالت میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی اور سکیورٹی اہلکاروں کو حکم دیا گیا کہ کسی بھی صحافی کو دوران سماعت عدالت میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن