• news

اسلام آباد: تحریک انصاف کا مبینہ دھاندلی کیخلاف مظاہرہ، کارکن ریڈ زون میں داخل‘ تصادم ، ڈی ایس پی سمیت متعدد زخمی

اسلام آباد (اے پی اے) وفاقی دارالحکومت میں انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف تحریک انصاف نے مسلسل دوسرے جمعہ کے روز احتجاجی ریلی نکالی‘ ریلی میں شامل تحریک انصاف کے کارکن الیکشن کمیشن کے دفتر تک پہنچنے کیلئے نادرا آفس کے باہر لگی خار دار رکاوٹوں کو عبور کرکے ریڈ زون میں داخل ہو گئے، جس پر پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان جھڑپوں اور لاٹھی چارج کے دوران ڈی ایس پی اشرف شاہ اور متعدد کارکن زخمی ہوئے۔ ریلی کی قیادت تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ خان نیازی کر رہے تھے۔ ریڈ زون میں داخلے پر پولیس نے  شرکاء کو اندر داخلے سے روکنے کے لئے ہلکا لاٹھی چارج بھی کیا‘ جس کے بعد متعدد دھکم پیل اور جھڑپ کے مناظر دیکھنے کو ملے۔ ریلی میں شامل شرکاء نے حکومت اور نواز لیگ کے خلاف مبینہ دھاندلیوں سے متعلق نعرے لگائے اور شدید احتجاج کیا۔ اس موقع پر جذبات سے مغلوب متعدد مشعل کارکنان تاریں اور رکاوٹیں عبور کرکے آگے نکل گئے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے نادرا ہیڈ کواٹرز کے سامنے لگی خاردار تاریں بھی ہٹا دیں۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے 4 حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائی جائے اور الیکشن کمشن کا تمام عملہ مستعفیٰ ہو جائے۔

ای پیپر-دی نیشن