رینٹل پاور ضمنی ریفرنس‘ پرویز اشرف دیگر پر ملزموں 30 مئی کو فرد جرم لگے گی
اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے رینٹل پاور کرپشن کیس کے ضمنی ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزموں کو 30 مئی کو طلب کرلیا۔ گزشتہ روز کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، کیس میں ملوث واپڈا کے سابق ممبر عبدالقدیر چودھری عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت ملزمان کو پیرا غیب اور سہووال رینٹل پاور کرپشن کیسز کے چالان کی نقول فراہم کر دی گئیں۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائیگی۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوں، دریں اثناء نو ڈیرو ٹو رینٹل پاور پراجیکٹ کیس میں ریکارڈ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے گواہوں پر جرح نہ ہو سکی، عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت چار جون تک ملتوی کر دی۔