پاکستانی فوج نے اوڑی میں سڑک کی تعمیر رکوا دی: بھارت کا الزام
سری نگر (کے پی آئی) بھارت نے الزام لگا یا ہے کہ اوڑی میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک 3دیہات کو ملانے کیلئے بنائی جانے والی سڑک پر پاکستان نے شدید اعتراض کرتے ہوئے سڑک کی تعمیر بند کرادی۔ پاکستان کاکہناہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان جو معاہدہ ہوا ہے اس کے تحت کنٹرول لائن کے 500 میٹر کے اندر کوئی سڑک تعمیر نہیں کی جاسکتی۔ بتایا جاتاہے کہ ہتھ لنگا نامی گائوں، جو اوڑی میں لائن آف کنٹرول پر واقع ہے، سے ضلع انتظامیہ نے چند روز قبل سڑک کی تعمیر شروع کی لیکن اْس کے فوراً بعد پاکستانی فوج نے سرحد کے دوسری جانب سرخ جھنڈے لہرا کر خواجہ بانڈے مسجد سے یہ اعلان کروایا کہ سڑک کی تعمیر کو بند کیا جائے۔ جس پر تعمیر روک دی گئی۔ 19 انفنٹری ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل انیل چوہان سے جب رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اس معاملے پر تھوڑی بہت مزاحمت ہوئی ہے تاہم اب دونوں ملکوں کے درمیان اس معاملے پر پائی جارہی کشیدگی کا معاملہ حل کر لیا گیا ہے اور سڑک کی تعمیر بہت جلد شروع کی جائے گی۔ان کا مزید کہناتھا کہ ہم نے بھی انہیں اسی طرح کی ایک سڑک اپنے علاقے میں تعمیر کرنے کی اجازت دی ہے لہٰذا معاملہ حل ہوگیا ہے۔