مذاکرات پر فوج کا پیمانہ لبریز، عسکری حکام کے وزیراعظم کو پیغام کے بعد شدت پسندوں کیخلاف کارروائی شروع ہوگئی: رائٹر کا دعویٰ
لندن(رائٹر)رائٹر نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کے طالبان کے ساتھ مذاکرات پر فوج کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے اور اس نے معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم نواز شریف سے عسکری حکام کی ملاقات کشیدہ ماحول میں ہوئی۔ عسکری حکام نے وزیراعظم کو فوج کا پیغام پہنچایا اور اگلے ہی روز افغان بارڈر کے قریب عسکریت پسندوں کیخلاف فضائی کارروائی شروع کردی گئی۔ رائٹر کے مطابق اگرچہ نواز شریف نے اقتدار میں آنے کے بعد عسکریت پسند گروپ کے ساتھ مسئلہ پرامن طریقے سے حل کرنے کا اعلان کیا تھااسکے بعد پے درپے ہونیوالے مذاکرات ناکام رہے اوراس معاملے پر صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کے بعد فوج نے مسئلے کے فوجی حل کی حمایت کی ہے۔ عسکری حکام نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ عسکری حکام نے فوجی پالیسی آخری آدمی، آخری گولی کے بارے میں واضح موقف اپنایا۔یہ واضح نہیں کہ نواز شریف نے کارروائی کی اجازت دی ہے یا نہیں۔