• news

سادگی پالیسی نظرانداز، نندی پور پراجیکٹ کے افتتاح کیلئے بھاری اخراجات کی منظوری

لاہور ( معین اظہر سے) پنجاب میں بیورو کریسی نے وزیراعلیٰ کی سادگی و بچت پالیسی کو پس پشت ڈالتے ہوئے نندی پور پاور پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر بے تحاشا اخراجات کی منظوری دے دی اس پراجیکٹ کا افتتاح وزیر اعظم نے 30 مئی کو کرنا ہے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب خود بھی موجود ہونگے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ہیلی پیڈ بنانے، ڈیکوریشن کرنے، گوجرانوالہ سے روٹ سجانے اور وزیر اعظم کے وہاں پہنچنے پر گھوڑوں کے ڈانس، وزیراعظم، وزیراعلیٰ کے بڑے پورٹریٹ، ایل ای ڈی سکرینیں لگانے، اور وی وی آئی پی مہمانوں کے لئے ہائی ٹی کے علاوہ پورے راستے کو لینڈ سلائیڈنگ اور پھولوں سے سجانے کی تجاویز منظور کر لی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس قسم کے تمام انتظامات پر پابندی عائد کی تھی۔ کمیٹی میں سیکرٹری ہوم، سیکرٹری اطلاعات، آئی جی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک، کمشنر گوجرانوالہ، ڈی جی پروٹوکول، ایم ڈی نندی پور پاور پراجیکٹ شامل ہیں اس کے علاوہ دوسری سب کمیٹی جو کمشنر گوجرانوالہ کی سربراہی میں قائم کی گئی اس میں ریجنل پولیس افسر، ڈی سی او، ڈسٹرکٹ پولیس افسر اور ایم ڈی نندی پور پاور پراجیکٹ ہے اس کمیٹی نے اس کے افتتاح کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے۔ تمام سائن بورڈ، تجاوزات اور گند جو راستے میں موجود ہے اس کو فوری ہٹانے کے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اپر چناب کینال اور ہیلی پیڈ کے علاقے کو پھولوں سے سجایا جائے گا۔ پاکستان اور چین کے جھنڈے پھولوں کے درمیان میں لگائے جائیں گے۔ تمام سڑکوں کو تین روز کے اندر اندر پیچ ورک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وہاں پر ڈرم بجانے کا بندوبست کیا جائے گا۔ لڈی ڈالنے کے لئے گروپ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ 500 افراد کو وہاں مدعو کیا جائے گا۔ ان کے لئے خصوصی کارڈ بنائے جائیں گے۔ موبائل فون تقریب میں اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ قائداعظم، علامہ اقبال، وزیراعظم، وزیراعلیٰ کی بڑی تصاویر لگائی جائیں گی۔ تقریب کے لئے واٹر پروف عارضی ہال بنایا جائے گا۔ اے سی چلر لگایا جائے گا۔ عارضی ہال کے اندر ایل ای ڈی، ایس ایم ڈی سکرین لگائی جائیں گی۔ الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے لئے دو علیحدہ پلیٹ فارم بنائے جائیں گے۔ ویڈیو ڈاکومینٹری بنانے کا بندوبست کیا جائے گا۔ سکیورٹی مقاصد کے لئے روٹ کو افتتاح کے دن بند رکھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن