اقبال ٹاؤن، نامعلوم افراد کا خاتون پولیو ورکر پر تشدد، وزیراعلیٰ کا نوٹس
لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) اقبا ل ٹاؤن کے علاقہ میں نا معلو م افراد نے لیڈی پولیوہیلتھ ورکر کو تشددکا نشانہ بنا ڈالا اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے اقبال ٹاؤن، ہمابلاک میں گزشتہ روز 30سالہ لیڈی پولیو ہیلتھ ورکر یاسمین بچوں کو پولیو قطرے پلا رہی تھی کہ اچانک نامعلوم افراد نے اس پر حملہ کر دیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کا موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے نا معلو م افراد کے خلاف مقد مہ درج کر لیا ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس کا کہنا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکر کو ڈکیتی کے دوران تشددکا نشانہ بنایا گیا یا اسے شرپسند افراد نے مارا، اس سلسلہ میں تفتیش جاری ہے جبکہ ملزمان کی موٹر سائیکل کا نمبر ٹریس کرلیا گیا ہے، جلد انہیں گر فتار کر لیا جائیگا۔ علاوہ ازیں پولیس نے متعلقہ گھر کے مالک اور اسکے بیٹے کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان کے خلاف پولیو ورکر نے شکایت درج کرائی تھی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے علامہ اقبال ٹاؤن میں انسداد پولیو ورکرز پر تشدد کے واقعہ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او اور سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے انسداد پولیو ورکرز پر تشدد کرنے والے ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کا قومی فریضہ انجام دینے والے پولیو ورکرز پر تشدد قابل مذمت ہے۔