ملکی مفاد عزیز ہے‘ حکومت طالبان کے حوالے سے جلد حتمی فیصلہ کرے: خورشید شاہ
سکھر (آئی این پی + این این آئی) قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں ملکی مفادات عزیز ہیں، حکومت طالبان کے حوالے سے جلد کوئی حتمی فیصلہ کرے، پیپلز پارٹی جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں بنے گی، وزیراعظم نواز شریف کو نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنی چاہئے، پنجاب حکومت نے خیبر پی کے کو گندم کی فراہمی روک دی‘ صوبے جب اپنی مرضی کے فیصلے کرتے ہیں تو نقصان ہوتا ہے۔ وہ سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور خیبر پی کے میں طویل لوڈشیڈنگ اس لئے کی جا رہی ہے کہ لوگ چیختے رہیں اور انہیں چور کہا جا سکے۔ علاوہ ازیں سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک میں آزادی اظہار پر کسی قدغن کی قائل نہیں‘ تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے۔