’’بیتے دن تڑپاتے بھی بہت ہیں‘‘ شہباز شریف کا معمول سے ہٹ کر خطاب، شرکاء کی دل کھول کر داد
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پانچویں عالمی ادبی کانفرنس کے شرکاء سے معمول سے ہٹ کر کانفرنس کے موضوع کے مطابق مختصر اور خوشگوار انداز میں خطاب کیا جسے حاضرین نے بہت پسند کیا اور دل کھول کر داد دی۔ وزیراعلیٰ کانفرنس میں شرکت کے لئے مقررہ وقت پر الحمراء ہال پہنچے اور سٹیج پر موجود نامور ادبی شخصیات سے ہاتھ ملایا۔ بھارت سے آئے مندوب ابوالکلام قاسمی تقریر کے دوران محمد شہباز شریف کو وزیراعلیٰ پاکستان کہہ گئے، جس پر وزیراعلیٰ نے ازراہ تفنن کہا کہ آپ میری نوکری کے پیچھے کیوں پڑ گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے برجستہ جملے سے حاضرین بہت محظوظ ہوئے اورمسکرا دیئے۔ وزیراعلیٰ نے سٹیج پر موجود شخصیات کو اپنے ہاتھ سے ڈرائی فروٹ بھی پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نوٹس بھی لیتے رہے اور انہوں نے اپنے خطاب میں ماضی کی حسین یادیں اور خوشگوار واقعات بھی بیان کیے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ کانفرنس کا موضوع بیتے ہوئے دن یاد آتے ہیں لیکن تڑپاتے بھی بہت ہیں۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ ہال میں موجود نامور ادبی شخصیات کے پاس گئے اور ان سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔