پھر دھاندلی ہوئی، پی پی 136 نارووال کے الیکشن نتائج تسلیم نہیں کرتے: ابرارالحق
نارووال(نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ابرارالحق نے تحریک انصاف کے امیدوار رانا محمد وکیل خان منج کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر دھاندلی اور دھونس سے الیکشن کے نتائج کوتبدیل کر دیا ہے، ہم پی پی 136 نارووال الیکشن نتائج کو تسلیم نہیں کرتے اور اس کے خلاف عوام کے پاس جائینگے اور سڑکوں پر آئینگے، حلقہ میں صبح سے ہی نو گو ایریا قائم کر دیئے گئے تھے جہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں تھی اور بااثر افراد ٹھپے لگا رہے تھے، ہم نے صوبائی الیکشن کمیشن سے حلقہ میں فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کر رکھا تھا جس پر صوبائی الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسر سے رائے طلب کی اور ڈی پی او نارووال نے کہا کہ ہم الیکشن سنبھال لیں گے اور انہوں نے خوب الیکشن سنبھالا، پولنگ سٹیشنوں پر ہوائی فائرنگ کر کے ہمارے کارکنوں کو زخمی کیا گیا مگر پولیس اور انتظامیہ خاموش رہی، ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف کے امیدوار رانا محمد وکیل منج نے کہا کہ ہم نتائج کو تسلیم نہیں کرتے اور اسکے خلاف اعلان بغاوت کرتے ہیں، اس موقع پر صدر پی ٹی آئی ندیم نثار چوہدری نے کہا کہ آج ایک بار پھر ہمارے مینڈیٹ کو حکومتی و سرکاری مشینری نے چھین لیا، مرکزی صدر خواتین ونگ نورین فاروق، جنرل سیکرٹری ضلع نارووال ثاقب ادریس تاج، صدر تحصیل شکر گڑھ آصف مجید چوہدری، عارف خان، عرفان عابد و دیگر نے بھی الزام لگاتے ہوئے کہا سرکاری سرپرستی میں دھاندلی کی گئی ہے، جبکہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے پاکستان مسلم لیگ ن کے نومنتخب ایم پی اے کرنل (ر) شجاعت احمد خان نے کہا عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ پہلے الیکشن میں بھی کوئی دھاندلی نہیں ہوئی تھی ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ نے کہا میڈیا نے خود پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا ہے نہ تو ہم نے دھاندلی کی ہے اور نہ ہی سرکاری مشینری کا استعمال کیا ہے عوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیکر ثابت کر دیا ہے کہ ضلع نارووال مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔