• news

پیمرا کا توہین آمیز مواد کو بار بار نشر کرنے پر متعلقہ چینلز کو نوٹس جاری، انتظامیہ طلب

اسلام آباد / کراچی (این این آئی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)  نے جیو ٹی وی پر چلنے والے توہین آمیز مواد کو بار بار نشر کرنے پردیگر چینلز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو وضاحت کیلئے طلب کرلیا  جبکہ عدلیہ کیخلاف پروگرام نشر کرنے پر اے آر وائی ٹی وی کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔سرکاری ٹی وی کے مطابق پیمرا شکایات کونسل سندھ نے اے آر وائی ، ایکسپریس ‘اب تک اور دنیا ٹی وی کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کرنے کیلئے طلب کرلیا ہے، بتایا گیا ہے کہ پیمرا کونسل نے بڑی تعداد میں شکایات موصول ہونے پر نوٹس جاری کئے، پیمرا شکایات کونسل کے مطابق اے آر وائی نے توہین آمیز مواد 60 مرتبہ ،اب تک  ٹی وی نے 16 مرتبہ، دنیا اور ایکسپریس نے 2,2 مرتبہ نشر کیا۔ پیمرا نے اے آر وائی ٹی وی کو عدلیہ سے متعلق توہین آمیز پروگرام نشر کرنے پر بھی نوٹس جاری کر دیا ہے، پیمرا ترجمان کے مطابق سپریم کورٹ ٹی وی چینلز پر عدلیہ کے وقار کے منافی پروگرام روکنے کا حکم دے چکی ہے۔پیمرا ترجمان کے مطابق کیبل آپریٹرز کو غیر قانونی طور پر ٹی وی چینلز بند کرنے اور چینل کا نمبر غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے پر بھی نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن