جیو پر توہین آمیز پروگرام کیخلاف یوم ’’محبت اہلبیتؓ‘‘ منایا گیا، مزید 2 مقدمات درج
لاہور (خصوصی رپورٹر + نامہ نگاران) جیو ٹی وی کی طرف سے توہین آمیز پروگرام چلائے جانے کے خلاف اہلسنت محاذ کے زیراہتمام ملک بھر کی ڈھائی لاکھ سے زائد مساجد میں یوم محبت اہلبیتؓ منایا گیا۔ جمعہ کے اجتماعات میں علماء نے یوم عظمت محبت اہلبیتؓ کے موضوع پر خطابات کئے اور مذمتی قرارداداتیں منظور کیں جبکہ لوگوں سے حلف لیا گیا کہ جب تک جیو کی طرف سے توہین آمیز پروگرام چلانے والے ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا ہم اس وقت تک اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔ جبکہ جیو نیوز پر توہین آمیز پروگرام نشر ہونے کیخلاف وہاڑی کے تھانہ دانیوال میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ حقوق اہلسنت محاذ کے مرکزی امیر علامہ پیر سید شاہد حسین گردیزی‘ پیر سید مصطفیٰ رضوی‘ مولانا ملازم حسین قادری‘ پیر مبارک علی‘ پروفیسر محمد حسین‘ مولانا محمد اسماعیل نقشبندی اور دیگر علماء نے مختلف مقامات پر جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبت اہلبیت ایمان کا تقاضا ہے۔ علماء نے حکمرانوں کی طرف سے پیمرا کے ارکان کو نوٹس دینے اور ہراساں کرنے کی زبردست مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران اس مذہبی معاملے میں جلتی پر تیل ڈالنے والا کام نہ کریں۔ ممبران کو آزاد ماحول میں اپنا کام کرنے دیں۔ اگر حکمرانوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو پھر حکومتی ایوانوں کا گھیراؤ ہو گا۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق جیو کیخلاف تھانہ دانیوال میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق جمعہ کی نماز کے بعد مرکزی میلاد کمیٹی کی طرف سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مسجد حامد شاہ سے شروع ہوکر مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی اختتام پذیر ہو گئی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیو کو فوری طور پر بند کر دیا جائے۔ آئی این پی کے مطابق گذشتہ روز بلوچستان میں جیو نیوز کے خلاف پہلا مقدمہ مقامی صحافی کی مدعیت میں لیویز ہیڈ کوارٹر میں درج کر لیا گیا ہے۔ لیویز حکام کے مطابق مقامی صحافی عبدالقدیر یردانی نے اپنی درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیو نے اہل بیتؓ کے بارے میں توہین آمیز پروگرام نشر کیا جس سے تمام مسمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔