طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں معاملات افہام و تفہیم سے حل کئے جائیں: سراج الحق
(ثناء نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان اور صوبائی سینئر وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ طاقت کا استعمال ہرگز مسائل کا حل نہیں، معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کر نے کی ضرورت ہے، ملک مزید مسائل کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ قوم امن کی خوشخبری سننے کے انتظار میں تھی مگر مرکزی حکومت نے ماحول کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ یہاں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ خارجہ اور داخلہ پالیسیاں بنانے کا مناسب فورم پارلیمنٹ ہے کیونکہ قومی اسمبلی ہی 18 کروڑ عوام کی ترجمان اسمبلی ہے۔ امن کی طرف ہر قد م کی عوام حمایت کر رہے ہیں کیونکہ جنگوں میں ملک اور فوج دونوں کا نقصان ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور طالبان کے مابین ایک بار ملاقات ہوئی ہے اس کے بعد تاحال باقاعدہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بدامنی کے نتیجے میں معاشی طور پر انتہائی کمزور ہو چکا ہے اور مزید حادثات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ سراج الحق نے جامعہ مظہر العلوم میں تعزیتی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اُمت مسلمہ میں مسلمانوں کا اتحاد ایٹم بم سے زیادہ مضبوط ہے پوری دُنیا میں استعماری قوتیں ترقی کی راہ پر گامزن، مضبوط، متحد اور مستحکم ہیں جبکہ صرف مسلمان ہی انتشار اور بدامنی کے شکار ہیں۔ اور یہ سب کچھ بے اتفاقی کی وجہ سے ہے ۔
سراج الحق