پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبہ میں تعاون کے امکانات روشن ہیں: روسی سفارتکار
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں روس کے پولیٹیکل قونصلر آندرے شاہلین نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان دفاع کے شعبہ میں تعاون کے امکانات بہت روشن ہیں۔ گزشتہ روز یہاں ایک راؤنڈ ٹیپل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لئے دونوں ممالک بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دفاعی شعبہ میں تعاون کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے میں وقت لگ سکتا ہے۔ 2009ء کے بعد پاکستان اور روس کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں سے دونوں ملکوں میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے۔ دفاع کے علاوہ پاکستان میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں روس سرمایہ کاری کرنے کے لئے تیار ہے۔ پاکستان کے روس کے درمیان آزادانہ تجارت کے سمجھوتے اور ترجیحی تجارت کے سمجھوتے کی عدم موجودگی اور پاکستان کے بینکوں میں روس کے 160 ملین ڈالر کا تنازعہ دونوں ملکوں میں تجارت کے شعبہ میں توسیع کے راستے میں ایک رکاوٹ ہے۔