• news

شہروں میں 10‘ دیہات میں 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ‘ گرمی سے خاتون جاں بحق

لاہور + اسلام آباد (نیوز رپورٹر + این این آئی) ملک میں گذشتہ روز بڑے شہروں میں دس گھنٹے اور دیہی علاقوں و چھوٹے شہروں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی گئی جبکہ شدید گرمی کے باعث ایک خاتون دم توڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ہائیڈرل پیداوار میں اضافہ ہوا جبکہ وزارت پانی و بجلی نے پی ایس او کو تھرمل پاور پلانٹس کو فراہم کئے گئے تیل کی میں ساڑھے 25 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں جبکہ حکومت کی ہدایت پر ارسا کی جانب سے شیڈول کے خلاف ڈیموں سے پانی کے اخراج  میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پانی کے اخراج میں اضافہ کے باعث ہائیڈل کی پیداوار بڑھ کر ساڑھے چار ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گئی۔ دوسری جانب پی ایس او کی جانب سے تیل کی سپلائی میں کمی کے باعث تھرمل کی پیداوار میں تین سو میگاواٹ کی کمی ہوئی اور پیداوار کم ہو کر ایک ہزار میگاواٹ کی سطح پر آگئی۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گذشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 15470 میگاواٹ جبکہ پیداوار 11310 میگاواٹ رہی طلب و رسد میں 4160 میگاواٹ کا فرق رہا۔ علاوہ ازیں وزارت پانی و بجلی نے ساڑھے 25 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت پی ایس او کو جلد مزید ساڑھے 5 ارب روپے جاری کر دے گی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد حکومتی ضمانت پر کچھ مقامی چینلس پر مشتمل ایک گروپ نے 31 ارب روپے قرض فراہم کیا اس رقم میں سے ساڑھے 25 ارب روپے حکومت نے پی ایس او کو جار کر دیئے باقی رقم بھی جلد ادارے کو ادا کر دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پی ایس او کو جاری ہونے کے بعد پاور پلانٹس کو تیل کی فراہمی میں بہتری آنے سے بجلی کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا۔نارنگ منڈی کے مطابق نواحی گاؤں کوٹ بھیلاں میں لوڈشیڈنگ کے دوران گرمی کی تاب نہ لاتے ہوئے منیر بھیل کی بیوی کی طبیت اچانک خراب ہو گئی۔

ای پیپر-دی نیشن