• news

پنجاب حکومت کمزوریاں چھپانے کیلئے سکیورٹی کے نام پر جلسے سے روک رہی ہے: اعجاز چودھری

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی اور حکومت کی ایک سالہ بدترین کارکردگی کے خلاف 25 مئی کو فیصل آباد میں جلسہ ہو گا۔ پنجاب حکومت اپنی کمزوریوں اور کوتاہیوں کو چھپانے کے لئے دوسری جماعتوں کو سکیورٹی کے نام پر جلسے اور ریلیاں نکالنے سے روک رہی ہے۔ جلسے کی سکیورٹی فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا سپیشل سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر شعیب کی طرف سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں سکیورٹی خدشات کے نام پر ہمیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ 28 مئی کو وزیراعظم نواز شریف فیصل آباد میں جلسہ کرنے جا رہے ہیں کیا انہیں بھی ہماری طرح خط لکھا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب سیکرٹریٹ میں ممبر قومی اسمبلی شفقت محمود، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید، جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، ایم پی اے میاں اسلم اقبال، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ملک اعظم، بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن اور سعدیہ سیف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے اس موقع پر کہا حکومت پنجاب لاہور میں منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے دنیا کے پہلے دس آلودہ شہروں میں لاہور بھی شامل ہے۔ ستر فیصد لاہور کے شہری گندا پانی پینے پر مجبور ہو چکے ہیں، لاکھوں بچے سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہو چکے ہیں، لاہور میں ہسپتالوں کی حالت ابتر ہے، واسا کو بیچا جا رہا ہے۔ 5 جون کو پنجاب حکومت کا ایک سال پورا ہونے پر ان کی ناقص کارکردگی کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن