شمالی وزیرستان میں مارے گئے کمانڈروں کے نام جاری،کارروائی حکومتی منظوری کے بعد کی گئی: عسکری ذرائع
شمالی وزیرستان (این این آئی) شمالی وزیرستان میں حالیہ فضائی بمباری کے دوران غیرملکیوں سمیت 5 اہم ازبک کمانڈر جاں بحق اور کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ شمالی وزیرستان میں 21 مئی کی فضائی کارروائی میں مارے جانیوالے جنگجو کمانڈرز کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق شدت پسندوں کے ٹھکانوں پرکی گئی فضائی بمباری کے دوران ایک غیرملکی سمیت پانچ اہم شدت پسند کمانڈر ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران ازبک کمانڈر ابواحمد، شدت پسند کمانڈر قانونی اور خود کش حملوں کا ماسٹر مائنڈ صابر ہلاک ہوئے۔ فضائی بمباری کے دوران مارے جانیوالوں میں شدت پسند کمانڈر جہاد یار اور گل مند بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی فوج نے غیر ملکی میڈیا کی خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ کارروائی حکومت کی منظوری کے بعد کی گئی۔