مودی محنت، ذہانت سے وزیراعظم بنے حلف برداری میں بلایا تو ضرور جائونگی: اہلیہ
نئی دہلی (این این آئی)نریندر مودی کی اہلیہ جشودھا بین نے کہا ہے کہ اگر مودی نے انہیں بلایا تو وہ انکی حلف برداری کی تقریب میں ضرور شریک ہوں گی۔ مودی چاہیں تو وہ انکے ساتھ دہلی بھی منتقل ہوسکتی ہیں۔بھارتی میڈیاکے مطابق 1987ء میں آخری بار مودی اور جشودھا بین نے ایک دوسرے سے بات چیت کی۔ اس وقت سے جشودھا بین اکیلے زندگی گزار رہی ہیں۔ گجراتی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہیں اس رنجش اور کدورت پر بہت تکلیف ہے۔ انہوں نے اس کدورت کو دور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ مودی اپنی محنت اور ذہانت سے وزیراعظم بنے ہیں، وہ انکی مزید ترقی کیلئے دعاگو ہیں۔ انکے دل میں سب سے زیادہ اہمیت ان کے ملک کو حاصل ہے۔ انہیں خوشی ہے کہ مودی نے انہیں اپنی بیوی کے طور پر قبول کیا۔