تحریک انصاف آج فیصل آباد میں طاقت کا مظاہرہ کریگی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف آج فیصل آباد میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ پی ٹی آئی کی قیادت کا دعویٰ ہے کہ فیصل آباد کی تاریخ کا بڑا اور کامیاب جلسہ ہو گا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں فری میوزیکل شو اور دو سرکسوں کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔ میوزیکل شو میں نوجوان نسل کی بڑی تعداد کے آنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف بھی نوجوان نسل کے سونامی پر انحصار کر رہی ہے تاہم شہر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے عملے اور ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کر کے ہسپتالوں میں سکیورٹی نافذ کر دی گئی ہے۔ ریسکیو1122 کا خصوصی عملہ بھی جلسہ گاہ کے باہر بم ڈسپوزل سکواڈ عملے کے ساتھ موجود ہو گا جبکہ جلسے کی سکیورٹی کے لئے تین ہزار کے لگ بھگ پولیس اہلکار و افسر خصوصی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ تحریک انصاف کے کارکن جلسہ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پارٹی رہنماؤں نے دینی جماعتوں سے رابطہ بھی کیا ہے اور ان کو مبینہ دھاندلی کے خلاف جلسے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اس بات میں تو شک نہیں ہے کہ فیصل آباد مسلم لیگ (ن) کا مضبوط قلعہ ہے جہاں ضلع میں قومی اسمبلی کے گیارہ ارکان مسلم لیگ (ن) کے اور 21 صوبائی ممبران کا تعلق بھی مسلم لیگ(ن) سے ہے جبکہ ضمنی الیکشن میں صرف تحریک انصاف کا ایک امیدوار صوبائی اسمبلی کا رکن منتخب ہوا تھا مگر تحریک انصاف کے کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ آج سونامی فیصل آباد میں ن لیگ کے قلعے کی بنیاد ہلا کر رکھ دے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے ساتھ بوہڑاں والی گراؤنڈ باغ جناح میں شام کو میوزیکل فری شو کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں ہنس راج، نصیبو لال سمیت دیگر فنکار اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔کشمیر پارک پہاڑی والی گراؤنڈ پیپلزکالونی نمبر2 بٹالہ کالونی اور غلام محمد آباد نڑوالا روڈ پر بھی سرکس شو ہو رہے ہیں۔آج معلوم ہو جائے گا کہ عمران نوجوان نسل کا سونامی اقبال پارک دھوبی گھاٹ لانے میں کامیاب ہوتے ہیں یا میوزیکل شو میں نوجوانوں کا سمندر امڈ آتا ہے۔ سٹی پولیس کے خصوصی سکیورٹی پلان کے تحت سنیفر ڈاگ، اینٹی مائن ڈیوائس، موبائل جیمرز، سنائپرز، واک تھرو گیٹ، میٹل ڈیکٹر، کمانڈوز،کویک رسپانس فورس، آٹھ ایس پیز، بارہ ڈی ایس پیز، چالیس انسپکٹر اور دو ہزار آٹھ سو ساٹھ پولیس اہلکار تحریک انصاف کے جلسہ پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔