• news

لاہور میں جیل روڈ پر سفاک شخص نے بیوی 2 کمسن بیٹیوں کو ناچاقی پر تیل چھڑک کر زندہ جلا دیا

لاہور (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) ریس کورس کے علاقہ میں شوہر نے گھریلو تنازعہ پر بیوی اور بیٹیوں کو تیل چھڑک کر زندہ جلا ڈالا۔ معلوم ہوا ہے کہ باغبانپورہ کے علاقہ چمن پارک کے رہائشی محمد عظیم نے 10 سال قبل نشتر کالونی یوحنا آباد کی رہائشی سونیا بی بی سے پسند کی شادی کی اور انکے تین بچے 9 سالہ فاطمہ، 6 سالہ مریم اور ایک بیٹا ہوا۔ گذشتہ چند ہفتوں سے ددنوں میاں بیوی کے درمیان گھریلو تنازعہ چل رہا تھا۔ عظیم اپنی بیوی سے ناراض ہو کر اپنے دفتر لینڈ مارک پلازہ واقع جیل روڈ کے سیکنڈ فلور پر ہی آکر رہنے لگا۔ گذشتہ روز سونیا اپنی بیٹیوں فاطمہ اور مریم کے ہمراہ دفتر آگئی جہاں اسکا عظیم سے جھگڑا ہوگیا اور کچھ ہی دیر بعد سونیا اور اسکی بیٹیاں آگ کی لپیٹ میں چیخ وپکار کرنے لگیں۔ وہاںموجود افراد نے فوری آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے آگ بجھا کر تینوں ماں بیٹیوں کو ہسپتال پہنچایا جہاں 40 سالہ سونیا اور اسکی 6 سالہ بیٹی مریم اور 9 سالہ فاطمہ یکے بعد دیگرے دم توڑ گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریس کورس پولیس اور دیگر افسر بھی موقع پرپہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنے کہ بعد ہلاک ہونیوالی سونیا کے شوہر اور اسکے بھائی کو حراست میں لے لیا جبکہ سونیا کے نزعی بیان پر عظیم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ واضح رہے کہ سونیا نے پولیس کو نزعی بیان میں کہا تھا کہ اسے اسکے شوہر عظیم نے اپنے بھائی سے ملکر آگ لگائی جبکہ عظیم کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ میاں بیوی میں جھگڑا رہتا تھا اور سونیا اکثرخود کشی کی دھمکی دیتی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن