نجکاری کے نام پر غریبوں کو بے روزگار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے: سراج الحق
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) جماعت اسلامی پاکستان کے نومنتخب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے مگر دو عشروں سے بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ نے شہر کو افسردہ کردیا ہے۔ پا کستان میں اصل مسئلہ قانون کا صرف کمزوروں پر نافذ ہونا ہے، با اثر، سینہ زور اور ظالموں کے سامنے قانون خود مفلوج ہوجاتا ہے۔ جب تک عوام ظالموں کو ووٹ دیں گے ظلم کا نظام ختم نہیں ہوگا، مرکزی حکومت نے امن کے قیام اور بے روزگاری کے خاتمے کا نعرہ لگایا تھا، اب نہ ملک میں امن ہے اور نہ ہی روزگار، حکومت کم از کم اپنے منشور پر ہی عمل درآمد کرے، ہم وی آئی پی کلچر ختم کر کے ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جہاں ہسپتالوں میں مریض، تعلیمی اداروں میں طالبعلم اور عدالتوں میں مظلوم وی آئی پی ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کا امیر منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ کراچی آمد پر اپنے استقبال کیلئے کراچی ائر پورٹ پہنچنے والے افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے مگر ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اس کے امن و امان کو تباہ کیا گیا، کراچی دو عشروں سے بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی وجہ سے یہ شہر افسردہ ہے، بدامنی نے شہر کا حلیہ بگاڑ رکھا ہے، کراچی معاشی حب ہے مگر اب خود تعاون کا محتاج ہے۔ جب تک قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوگی اور شہریوں کے ساتھ یکساں سلوک نہیں کیا جائے گا، شہر ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان میں اصل مسئلہ یہ ہے کہ قانون صرف کمزوروں پر نافذ ہوتا ہے، بااثر، سینہ زور اور ظالموں کے سامنے قانون خود مفلوج ہوجاتا ہے۔ جب تک عوام ظالموں کو ووٹ دیں گے ظلم کا نظام ختم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا ظالموں نے 95 فیصد وسائل پر قبضہ کر کے اداروں کو بھی مفلوج کر دیا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بازار میں روٹی، چاول دال، گھی اور دوسری اشیائے ضرورت سستی ہو، غریبوں کے بچوں کیلئے قلم اور کتابیں خریدنا آسان ہو، مظلوم حق کے حصول کیلئے جب سپریم کورٹ اورہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائے تو لاکھوں روپے فیس نہ دینا پڑے۔ ہم وی آئی پی کلچرختم کر کے ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جہاں ہسپتالوں میں مریض، تعلیمی اداروں میں طالبعلم اور عدالتوں میں مظلوم وی آئی پی ہو۔ انہوں نے کہا نجکاری کے نام پر غریبوں کو بے روزگار کرنے کی اجازت ہم کسی قیمت پر نہیں دیں گے۔ حکومت نے ورلڈ بینک کے ساتھ پی آئی اے کو فروخت کرنے کا جو وعدہ کیا ہے اسے واپس لیا جائے۔ ہم ریلوے کو فروخت نہیں ہونے دینگے، یہ قومی ادارہ ہے اس کو چلنا چاہیے، ریلوے غریبوں کی سواری ہے۔ قبل ازیں کراچی ائرپورٹ پر سینکڑوں کارکنوں نے سراج الحق کا فقید المثال استقبال کیا۔