• news

اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن نہ ہوا تو سندھ اسمبلی کی کارروائی چلنے نہیں دینگے: حزب اختلاف

کراچی (ثناء نیوز) سندھ اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں نے اعلان کیا ہے کہ اگر انکے نامزد قائد حزب اختلاف شہریار مہر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو آئندہ بجٹ اجلاس کی کارروائی نہیں ہونے دیں گے اگر شہریار مہر کی بحیثیت اپوزیشن لیڈر نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (فنکشنل) کے رہنما اور نامزد اپوزیشن لیڈر شہریار مہر، مسلم لیگ (ن)کے حاجی شفیع جاموٹ اور تحریک انصاف کے حفیظ الدین نے کیا۔ شہریار مہر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے 23 ارکان نے متفقہ طور پر 2 مئی کو مجھے اپوزیشن لیڈر نامزد کیا تھا اور نامزدگی کی درخواست سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی لیکن سپیکر سندھ اسمبلی نے درخواست پر نہ ہی کوئی کارروائی کی اور نہ ہی میری تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جو اسمبلی رولز 25کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا  مجھے اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری نہ کرنے کا یہ جواز پیش کیا جارہا ہے کہ اسمبلی میں اپوزیشن میں کوئی فارورڈ بلاک بن رہا ہے لیکن میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ فارورڈ بلاک بنے یا نہ بنے اس معاملے کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر سندھ اسمبلی فوری طور پر مجھے اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کریں۔ اس موقع پر حاجی شفیع جاموٹ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان سندھ اسمبلی کی پارٹی قیادت سے ناراضگی اپنی جگہ پر ہے لیکن اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کا معاملہ الگ ہے۔ اس معاملے کا تعلق اس سے نہ جوڑا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن