• news

حکومت ایران اور بھارت سے تعلقات میں بہتری، تجارت چاہتی ہے: خرم دستگیر

کوئٹہ (آن لائن+ اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ حکومت ایران اور بھارت کے ساتھ تجارتی حجم کو مزید بڑھانے اور ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات استوار کرنا چاہتی ہے کیونکہ قومی معیشت میں بلوچستان کے تاجروں کا اہم کردار ہے۔ کوئٹہ، تفتان اور کوئٹہ، چمن نیشنل ہائی وے کی تعمیر کو بروقت مکمل کیا جائیگا۔ تجارت کے فروغ کیلئے تاجر برادری حساس علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو فوری مکمل کرنے کیلئے تعاون کریں، ایکسپو میں چیمبر آف سمال ٹریڈز اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کو آفر دی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کوئٹہ میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے پی پی کے مطابق ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ حکومت نے تجارت کے فروغ کیلئے  سنجیدہ پالیسی اصلاحات کا آغاز کردیا ہے جس سے ملکی تجارت کی دگنا ترقی میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان تجارت کا حجم 76.8کروڑ ڈالر ہے جس میں مزید اضافہ کی گنجائش ہے۔ وفاقی وزیر نے ہالینڈ کی کمپنیوں کو ایکسپو پاکستان میں شرکت کی بھی دعوت دی۔

ای پیپر-دی نیشن