• news

وفاقی حکومت امن مذاکرات کے حوالے سے پوزیشن واضح کرے: شاہ فرمان

پشاور (این این آئی)خیبر پی کے کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت امن مذاکرات کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرے کہ آیا مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں، اگر ایسا ہے تو اسکی وجوہات کیا ہیں۔انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ خیبر پی کے حکومت کو قومی اہمیت کے اس اہم مسئلے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا حالانکہ ہر فیصلے کے ممکنہ اثرات سے ہمارا صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔  اگر مذاکرات کی ناکامی کی بات کی جاتی ہے تو کوتاہی کس کی جانب سے ہوئی ہے یہ وہ سوالات ہیں جن کا قوم جواب چاہتی ہے۔ قوم کو اعتماد میں لینا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ امن مذاکرات کی وجہ سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور امن و امان میں کافی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا موقف اب بھی واضح ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ امن مذاکرات ختم کرنا اور قوم کو جنگ کے شعلوں میں دھکیلنا ہماری سمجھ سے بالا تر ہے۔ اس سے امن کو سخت دھچکا لگ سکتا ہے۔ وفاقی حکومت تذبذب کی کیفیت سے باہر نکلے اور اس انتہائی اہم مسئلے پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔

ای پیپر-دی نیشن