بھارت میں بجٹ کا ایک چوتھائی دفاع پر خرچ، غریب روٹی سے محروم ہے: ارون دھتی
نئی دہلی(کے پی آئی)بھارتی صحافی ارون دھتی رائے نے کہا ہے کہ10 برسوں کے دوران بھارت میں بجٹ کا ایک چوتھائی حصہ دفاعی اخراجات ،نکسل واد اور عسکریت پسندی کو کچلنے پر خرچ کیا گیا غریب طبقہ روزی روٹی سے محروم ہو گیا حتیٰ کہ بھارت کے 12 ہزار کسانوں نے خود کشی کرلی۔ اردن دھتی رائے نے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران اس بات کا انکشاف کیا کہ یو پی اے اتحاد نے ملک میں غریب لوگوں کے ساتھ زیادتیاں کیں ان کے حقوق سلب کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ دی اور پارلیمنٹ الیکشن میں انہوں نے اس کا مزہ چکھایا۔انٹرویو کے دوران معروف صحافی نے کہا کہ کانگریس کے زوال کا آغاز اس وقت شروع ہوا جب یو پی اے حکومت نے امریکہ کے ساتھ نیو کلیئر ڈیل کے بعد ایف ڈی آئی معاہدے کو آخری شکل دے دی جس کے مطابق بیرون سرمایہ کار بھارت میں سرمایہ کاری کریں گے جس کے نتیجے میں بھارتی کرنسی کی قیمت کافی حد تک نیچے گر گئی اور ملک کے غریب عوام کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا معاشی بد حالی کو روکنے میں اقتصادی ماہر ملک کے وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نا کام ہو گئے اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس کا بھر پور فائدہ اٹھایا۔