• news

فیصل آباد میں 2 کمسن بچوں، ساہیوال اور گگو منڈی میں 2 لڑکیوں سمیت 4 خواتین سے زیادتی

فیصل آباد+ ساہیوال+ گگو منڈی (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) مختلف واقعات میں 2 کمسن بچوں اور 2 لڑکیوں سمیت 4 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنا د یا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں مختلف واقعات میں پانچ افراد نے دو کمسن بچوں کو ورغلا کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ 243ر۔ب کے رہائشی ذوالفقار کے بیٹے وقار کو خالد اور اسکے تین ساتھی ورغلا کر لے گئے اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ تھانہ لنڈیانوالہ کے نواحی علاقہ 630/ گ۔ب کے رہائشی محمد حسین کے سات سالہ بیٹے مزمل حسین کو ورغلا کر زبردستی یاسین نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ساہیوال میں 2 لڑکیوں اور ایک خاتون سے زیادتی کی گئی۔ چک 153/9ایل میں سرور وغیرہ چھ افراد نے سکینہ بی بی کی بیٹیوں (ع) کو ملزم اﷲ دتہ نے اور (ع۔ب) کو ملزم سرور نے زیادتی کانشانہ بنا دیا اور باقی ملزم نگرانی کرتے رہے۔ ملزمان وقوعہ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ موضع بھونی میں ندیم عرف کالی نے (ع۔ب) کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں۔ گگومنڈی  میں چار ملزمان خاتون کو میکے سے واپس گھر جاتے راستے سے اغوا کرکے لے گئے جہاں بااثر زمیندارکے ڈیرہ پر لے جاکر ایک ملزم مسلسل پانچ روز تک ہوس کا نشانہ بناتا رہا۔ بستی کالوکالونی کے محنت کش محمد اکرم نے بتایا اس کی بہو ریحانہ بی بی 18 مئی کو اپنے میکے رائیونڈ سے واپس آرہی تھی جب وہ گگومنڈی بس سٹاپ پر پہنچی تو وہاں پر سلیمان، افضال، احمد نواز اور مسماۃ شاہین بی بی ساکنان چک 217/E.Bکھڑے تھے جن کا ہمارے گھر آنا جانا تھا، نے ریحانہ بی بی سے کہا ہم تمہارے گھرکی طرف جارہے ہیں ہمارے ساتھ بیٹھ جائو اور وہ موٹر سائیکل پر بٹھا کر چک 217/E.B کے ایک بااثر زمیندار محمد ازرم جٹ کے ڈیرہ پرلے گئے جہاں ملزم سلیمان مسلسل پانچ دن تک میری بہو سے زیادتی کرتا رہا اور دیگر ملزمان پہرہ دیتے رہے۔ 23 مئی کو ہم ریحانہ بی بی کو تلاش کرتے ہوئے مذکورہ ڈیرہ کے قریب سے گزر رہے تھے، ہمیں شک گزرا تو ہم نے اندر جاکر دیکھا تو ملزم سلیمان میری بہو ریحانہ بی بی سے زیادتی کر رہا تھا جبکہ افضال، احمد نواز اور مسماۃ شاہین بی بی باہرکھڑے پہرہ دے رہے تھے۔ ملزم ہمیں دیکھتے ہی موقع سے فرار ہو گئے۔ محمد اکرم اور ریحانہ بی بی نے ہاتھ جوڑکر روتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او وہاڑی سے اپیل کی ہے ملزمان کو گرفتارکرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن