غربت کے خاتمے کیلئے مضبوط پالیسی فریم ورک اور وسائل کی ضرورت ہے:پا کستان
اقوام متحدہ (اے پی پی) پاکستان نے غربت کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کے عزم کے اظہار کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ غربت کے خاتمے کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مضبوط پالیسی فریم ورک اور مناسب وسائل کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کا کردار عمل انگیز اور شراکت دار جیسا ہے ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غربت کے خاتمے کیلئے اعلیٰ سطح کی بحث میں حصہ لیتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان نے کہا کہ غربت کے خاتمے کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مضبوط پالیسی فریم ورک اور مناسب وسائل کی ضرورت ہے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کا کردار عمل انگیز اور شراکت دار جیسا ہے ۔ غربت سے متعلق بین الاقوامی امدادی ادارے آکسفیم کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ دنیا کے 85امیر ترین لوگوں کی دولت ساڑھے تین ارب لوگوں کی دولت کے برابر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ غربت کاخاتمہ بین الاقوامی برادری کیلئے بڑا چیلنج ہے اور اس حوالے سے 2015ء کاتاریخی نقطہ نظر اہم ہے ۔ شرح نمو میں اضافے اور موثر پالیسیوں کے غربت کے خاتمے پر فیصلہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے مہذب کام اور غربت کے خاتمے کے درمیان تعلق کی توثیق کی ۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے بغیر غربت کے خلاف ملینیئم ترقیاتی اہداف کو حاصل نہیں کیا جا سکتا۔