شو فلاپ رہا، عمران نے اسی طرح معاملات جاری رکھے تو کجریوال جیسے ہو جائیں گے: وزراء
لاہور+ اسلام آباد+ فیصل آباد (خبرنگار+سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وفاقی اور صوبائی وزراء نے عمران خان کے فیصل آباد میں جلسے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ جلسے میں چند ہزار افراد کی شرکت سے تحریک انصاف کے دعوئوں کی قلعی کھل گئی۔ تحریک انصاف کا فیصل آباد میں شو فلاپ ہو گیا ہے، دھاندلی کا ڈرامہ رچانے والے خود ہی ختم ہو جائیں گے۔ عمران خان نے اگر اسی طرح معاملات جاری رکھے تو وہ بھارت کے اروند کجری وال جیسے ہو جائیں گے۔ سونامی دھوبی گھاٹ پہنچ کر گھر کا رہا نہ گھاٹ کا۔ عوام ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے والوں کا جلد محاسبہ کرینگے۔ عمران خان سیاسی سمجھ نہیں رکھتے اسلئے نواز شریف کی اکیڈمی میں داخلہ لیں ہم ان کو سیاست کرنا سکھا دینگے۔ عوام نے فیصل آباد کے جلسے میں شرکت نہ کر کے احتجاجی تحریک کے غبارے سے ہوا نکال دی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان، شیخ رشید کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں نہیں آ سکتے۔ سیاسی یتیموں کی حمایت حاصل کرنے کا مطلب ہے عمران خان اپنے آپ پر اعتماد کھو بیٹھے ہیں، عمران کے پاس چار سال انتظار کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ دھاندلی کا ڈرامہ رونے والے خود ہی ختم ہو جائیں گے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا طریقہ کینیڈین اداکار جیسا بن چکا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آج شیخ رشید اور پرویز الٰہی جیسے سازشی عناصر عمران خان کے گرد اکٹھے ہیں عمران، خان ان سازشی عناصر کے گھیرے میںہیں، عمران خان ریلیوں کی سیاست کریں اور ہم عوام کی خدمت کی سیاست جاری رکھیں گے۔ عوام نے عمران خان کی ریلی اور بے وقت جلسوں کی سیاست کو ترک کر دیا ہے۔ نوازشریف کے دورہ بھارت سے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ پاکستان ریلوے حلقوں کی سیاست نہیں کرتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی اسلام آباد ایکسپریس کو کینٹ سٹیشن سے روانگی کی تقریب سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ اب یہ ٹرین باقاعدہ طور پر کینٹ سٹیشن سے چلے گی۔ اس سے قبل اسلام آباد ایکسپریس کے بارے میں واضح کیا کہ یہ کوئی نئی ٹرین نہیں ہے بلکہ اس سے قبل یہ ٹرین لاہور سٹی سے راولپنڈی کے درمیان چلتی تھی تاہم اب یہ ٹرین کینٹ ریلوے سٹیشن سے راولپنڈی کے لیے چلے گی۔ کینٹ سٹیشن سے یہ ٹرین دس منٹ کیلئے لاہور سٹی سٹیشن پر رکے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پنجاب میں فساد نہ ڈالیں۔ خیبر پی کے میں اپنی حکومت کی کارکردگی بہتر بنائیں۔ وہ خیبر پی کے میں تبدیلی کا وعدہ پورا نہیں کر سکے وہاں تعلیم اور صحت کے شعبے کی حالت بے حد خراب ہے، عمران خان سیاسی طور پر ناپختہ ہیں ہم ان کی سیاسی تربیت کرنے کیلئے تیار ہیں۔ والٹن روڈ پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ کارکردگی پر ملے تھے۔ نعروں یا وعدوں پر نہیں ملے تھے۔ پاکستان کو سیاسی کھلاڑیوں کی ضرورت نہیں ہے، نوازشریف اسی وقت خطے میں سب سے سینئر سیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں خواجہ سعد رفیق کی جانب سے کینٹ ریلوے اسٹیشن پر اسلام آباد ایکسپریس کے افتتاح کے موقع پر سٹیشن کی سجاوٹ کیلئے رکھے گئے گملے ودیگر سامان قریبی گھروں سے بطور ادھار منگوایا گیا جبکہ وفاقی وزیر کی رخصتی کے ساتھ گملے ودیگر سامان اہل علاقہ کو واپس کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ سونامی دھوبی گھاٹ میں پہنچ کر گھر کا رہا نہ گھاٹ کا۔ فیصل آباد میں تحریک انصاف کی ریلی میں چند ہزار افراد نے شرکت کی۔ فیصل آباد نے تحریک انصاف کو مسترد کر دیا۔ 50 لاکھ افراد کے شہر میں چند ہزار افراد کی شرکت لمحہ فکریہ ہے۔ تحریک انصاف کے لیڈروں نے بازاری زبان استعمال کر کے اپنی اصلیت ظاہر کر دی۔ دھاندلی کا شور اب مذاق بن چکا ہے۔ عوام ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے والوں کا جلد محاسہ کریں گے۔ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ عمران کے جلسے میں پہنچنے تک پنڈال میں پانچ سے سات ہزار افراد تھے میرے دعوے کو کوئی چیلنج کر سکتا ہے تو کرے۔ فیصل آباد کے 50 لاکھ آبادی کے شہر میں صرف ہزار سے 15سو افراد شریک تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان مایوسیوں کے پیامبر ہیں۔ عوام نے فیصل آباد کے جلسے میں شرکت نہ کر کے احتجاجی تحریک کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔ عمران خان کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے احتجاجی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر کے ایک بار پھر سیاسی بصیرت کا ثبوت دیا۔ ناکام لیڈر خیبر پی کے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ایک سال سے سڑکوں پر دھاندلی کا وا ویلا کرتے پھر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما الزام تراشی کی بجائے حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصل آباد کے جلسے کی ناکامی کا اعتراف کر لیں۔ فیصل آباد مسلم لیگ (ن) کا قلعہ تھا ہے اور رہے گا۔