• news

وزیراعظم نوازشریف سے نجم سیٹھی کی ملاقات، پی سی بی کے انتخابات فوری کرانے پر اتفاق

لاہور (سپورٹس رپورٹر + نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم میاں نواز شریف نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کرکٹ کی بہتری کے لیے کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔ چیئرمین نجم سیٹھی نے گذشتہ روز پیٹرن پاکستان کرکٹ بورڈ میاں نواز شریف سے خصوصی ملاقات کی جس میں کرکٹ کے حوالے سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ نجم سیٹھی نے پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان مجوزہ سیریز کے حوالے سے طے پانیوالے معاہدے کے بارے میں آگاہ کیا اور  درخواست کی وزیراعظم میاں نواز شریف اپنے دورہ بھارت کے دوران نو منتخب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی اس حوالے سے بات کریں۔ میاں نواز شریف نے نجم سیٹھی کو یقین دہانی کرائی حکومت پاکستان کی انہیں مکمل سپورٹ حاصل رہے گی۔ نجم سیٹھی نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں بتایا وزیراعظم کے ساتھ ملاقات مثبت رہی ہے اور میں نے درخواست کی پی سی بی کے آئین کے حوالے سے بھجوائے جانے والے مسودے کی جلد منظوری دی جائے۔  ان کا کہنا تھا وزیراعظم بھارت جا رہے ہیں امید کرتا ہوں اس سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی میں مدد ملے گی۔ نیوز ایجنسیوں کے مطابق نجم سیٹھی نے بتایا وزیراعظم نے پی سی بی کے انتخابات فوری کرانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ نجم سیٹھی نے بتایا وزیراعظم دورہ بھارت سے واپسی پر آئین کی منظوری دیں گے۔ وزیراعظم نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ادارے کی بہتری کے لئے گائیڈ لائنز دیں ذرائع کے مطابق اس موقع پر نواز شریف نے کہا پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے پر شائقین کے دل دکھی ہیں اور ہم ان کے درد کو سمجھتے ہیں انہوں نے نجم سیٹھی کو ہدایت کی وہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور پاکستان بھارت سیریز کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔

ای پیپر-دی نیشن