پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس آج طلب
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس آج چیئرمین نجم سیٹھی کی زیر صدارت لاہور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں ذکاء اشرف کی ایک مرتبہ پھر ہونے والی معطلی کے حوالے سے پیدا شدہ صوتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ درجہ چہارم کے ان ملازمین کے کیسز کا بھی جائزہ لیا جائے گا جنہیں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان کی جانب سے اضافی قرار دیتے ہوئے فارغ کر دیا گیا تھا۔ اجلاس میں حکومت پاکستان کو بورڈ کے بھجوائے جانے والے آئین، سالانہ بجٹ، قومی ٹیم کے دورہ سری لنکا اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کو بھجوائی جانے والی دعوت پر مینجمنٹ کمیٹی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مینجمنٹ کمیٹی بورڈ کے ہونے والے نئے انتخابات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کو مکمل کرنے کے حوالے سے سامنے آنے والی تجاویز پر بھی غور کرئے گی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے دیگر ارکان میں سابق چیئرمین شہریار احمد خان، نوید اکرم چیمہ، ظہیر عباس، اقبال قاسم اور شکیل شیخ شامل ہیں۔