بورڈ نے کپتانی کے اہل سمجھا تو میرے لئے اعزاز ہوگا: عمر اکمل
لاہور(حافظ محمد عمران) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے کرکٹ بہتر ہوگی، سری لنکا کے صدر کا بیان خوش آئند ہے کرکٹ بورڈ حکومت کے ساتھ ملکر اس پیشکش سے فائدہ اُٹھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے۔ ان خیالات کا اظہار وقت نیوز کے پروگرام ’’گیم بیٹ‘‘ میں شرکاء نے کیا۔ ٹیسٹ کرکٹر عمراکمل نے کہا کہ ہوم کرائوڈ کے سامنے کھیلنے کا مزہ ہی اورہے، لاہور،کراچی سمیت پورے پاکستان میں کھیل کر مزہ آتا ہے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی تو ہماری کرکٹ میں بہتری آئے گی، ماضی کو بھول کر اب آگے بڑھنا چاہیے اوردنیا کو پیغام دینا چاہیے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔میچ فکسنگ کی پیشکش کرنے والوں کے بارے میں فوراً آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا تھا۔اگر بورڈ نے کپتانی کے اہل سمجھا تو یہ بہت بڑا اعزاز ہوگا ، ڈومیسٹک کرکٹ میں کپتانی کررہا ہوں۔ٹیسٹ فاسٹ بائولر محمد خلیل نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی جس قدر جلد ہو اُتنا ہی اچھا ہے، اس سے ہمارے ہاں کرکٹ کے سُونے میدان آباد ہونگے اور ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ بھی بہتر ہوگا۔ سائیڈ میچز میں نوجوان کرکٹرز کو جب عالمی سطح کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے تواُن کی کرکٹ میںبہتری آتی ہے۔ بورڈ کو چاہیے کہ سری لنکا کیساتھ ملکر ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے خواب کو شرمندۂ تعبیر بنائے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار اور دیگر ممالک کے ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار میں بہت فرق ہے، کرکٹرز کو ملنے والے معاوضہ کا بھی فرق ہے۔ سپورٹس جرنلسٹ اور تجزئیہ کار کامران امجد خان نے کہا کہ سری لنکا کے صدر نے کڑے وقت میں دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے پاکستان کو خوش خبری دی ہے، اب پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت کا فرض ہے کہ اس وعدے کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے بورڈز اور سفارتی سطح پر پوری کوشش کرے۔