• news

وزیراعظم کا دورہ بھارت خوش آئند ہے، مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہونا چاہیے: رحمان ملک

اسلام آباد (اے این این، آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ بھارت خوش آئند ہے، مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہونا چاہیے۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا وقت ختم ہو چکا، اب معاملہ آپریشن کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے ہی بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر مذاکرات کی حامی رہی ہے۔ دونوں ملکوں کو غربت کے خاتمے کے لئے کام کرنا چاہئے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نوازشریف کا بھارتی ہم منصب کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ مہمند اور باجوڑ ایجنسی میں آپریشن ضروری ہے۔ طالبان سے مذاکرات کا وقت گزر چکا، بات چیت میں ناکامی کے بعد اب یہ واضح نظر آرہا ہے کہ معاملہ آپریشن کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سوال یہ ہے کہ وزیر اعظم بھارت جا رہے ہیں تو بھارت کی جانب سے وزیراعظم کو کیا تحفہ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم دیکھ رہی ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ بھارت کیا صرف فوٹو سیشن ہو گا یا پھر نریندر مودی لچک کا مظاہرہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن شروع کیا ہوا ہے جب تک بھارت اس ڈاکٹرائن کو اپنے سسٹم سے نہیں نکالے گا پاکستان کا اعتماد کبھی بھی بحال نہیں ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن