گھریلو مسائل اور پریشانیوں سے تنگ دو خواتین سمیت 4 افراد کی خودکشی
ڈسکہ+ ٹوبہ ٹیک سنگھ+ جڑانوالہ+ فیروز والا (نامہ نگاران) مختلف شہروں میں دو خواتین سمیت 4 افراد نے گھریلو مسائل اور پریشانیوں سے تنگ آ کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسکہ کی (ح) کا اکثر گھر والوں کے ساتھ جھگڑا رہتا تھا۔ گذشتہ روز بھی اس کا اپنے گھر والوں سے جھگڑا ہوا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔ حالت خراب ہونے پر اسے طبی امداد کیلئے سول ہسپتال ڈسکہ لایا گیا جہاں پر وہ جانبر نہ ہو سکی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی چک 148 گ ب کے قریب نامعلوم خاتون نے نہر میں چھلانگ لگا دی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر نعش نہر سے نکال لی تاہم اسکی شناخت نہیں ہو سکی۔ جڑانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق محلہ احمد پارک کے 30 سالہ شخص نے درخت سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو پہنچا دی ہے۔ فیروز والا لاہور روڈ پر واقع آبادی حدو کی میں شادی شدہ نوجوان فلک شیر نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ فلک شیر گھریلو حالات پر پریشان تھا جس نے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ پولیس نے متوفی کی نعش قبضہ میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔