• news

پٹرول، ڈیزل پر ڈیوٹی کی چھوٹ برقرار، ایسی ٹیکس رعایت ختم نہیں ہو گی جس سے مہنگائی بڑھے: اسحاق ڈار

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل پر ڈیوٹی کی چھوٹ برقرار رہے گی، ٹیکس کی ایسی کوئی رعایت ختم نہیں ہو گی جس سے مہنگائی میں اضافہ ہو، آئندہ بجٹ میں عوام پر ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالیں گے، عام آدمی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، حکومت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ میں قوم کو بجٹ کی تین سالہ حکمت عملی دے گی۔ ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلز ٹیکس کی شرح میں تبدیلی کے لئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے اور ٹیکس رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کے لئے سکیم بھی شروع کی جائے گی۔ حکومت سرمایہ کاروں اور تاجروں کو بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے ہم مل کر اس کے نظام کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ تجاویز کیلئے قائم کردہ کمیٹی ملک میں ٹیکس کی چھوٹ ختم کرنے کیلئے مختلف تجاویز تیار کر رہی ہے۔ ٹیکس کی چھوٹ کے نوٹیفیکیشن مرحلہ وار ختم کرنے کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس کی چھوٹ تین سال میں مرحلہ وار ختم کی جائیں گی، معیشت کی بہتری کیلئے ٹیکس آمدنی بڑھائی جائے گی اور ٹیکس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مالی سال 2014-15ء کا بجٹ اگلے ماہ کی تین تاریخ کو پیش کیا جائے گا جو معاشرے کے تمام طبقات کیلئے متوازن ہو گا، بجٹ کی تیاری میں تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن