• news

احتجاجی عناصر ملک میں ترقی کا سفر دیکھ کر گھبرا گئے ہیں : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کے مثالی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے شبانہ روز محنت کررہے ہیں۔ پاکستان کے 18کروڑ عوام نے عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر ہر صورت پورا اتریں گے اور عوام کی توقعات کو پوراکریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر امانت سمجھ کر خرچ کئے جارہے ہیں۔ حکومت عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے جبکہ احتجاج کرنے والے بعض عناصر تخریبی اورانتشار کی بے مقصد سیاست کررہے ہیں۔ احتجاجی عناصر ملک میں ترقی اور خوشحالی کے سفر کو دیکھ کر گھبرا گئے ہیں اور توانائی کے حصول کے منصوبوں پر ہمارے تیز رفتار اقدامات اور مخلصانہ کوششوں سے پریشان ہیں۔ 12کروڑ عوام جانتے ہیں کہ بے لوث خدمت کون کر رہا ہے اور تخریبی سیاست کون؟ آئندہ چند روز میں پنجاب میں تین میگا پراجیکٹس پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ فیصل آباد میں رویائی مسعود ٹیکسٹائل پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ 150میگاواٹ کے 2کوئلے سے چلنے والے بجلی کے پلانٹس لگائے جائیں گے جبکہ ساہیوال میں 660 میگاواٹ کے 2کوئلے سے چلنے والے جدید ترین پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد بھی رواں ماہ رکھا جائے گا، اسی طرح نندی پور پاور پراجیکٹ کا بھی افتتاح رواں ماہ کیا جارہا ہے جس سے 100میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی،7ماہ کی قلیل مدت میں نندی پور پاور پراجیکٹ کا افتتاح بہترین ٹیم ورک اور شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے ۔ ہمارا ہر قدم عوام کی ترقی اورخوشحالی کے لئے اٹھ رہا ہے ۔ہمارے بدترین مخالف بھی وفاقی اور پنجاب حکومت پر ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتے۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوچکا ہے ۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو میٹروٹرین کے منصوبے کے معاہدے پر مبارکبادیں دی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے سرکاری اداروں اور محکموں کو ہر صورت اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا ہوگی، عوام کی توقعات اور امنگوں کو پورا کرنے کیلئے سرکاری اداروں اور محکموں میں ایسی اصلاحات متعارف کرائیں گے جس کا فائدہ براہ راست عام آدمی کو پہنچے۔ سرکاری اداروں اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہر سطح پر خوداحتسابی کا نظام وضع کیا جائے گا، عوام کے مسائل کے حل کیلئے سرکاری اداروں اور محکموں کو انتہائی فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے نظام میں بنیادی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے، نئے عزم اورعوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر ہی صوبے کے عوام کی توقعات پر پورا اترا جاسکتا ہے اور انہیں بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے ۔اس ضمن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت محکموں اور اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کررہی ہے۔ ہر محکمے اور ادارے کا پرفارمنس آڈٹ ضروری ہے جس سے کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاسکتا ہے اور پنجاب حکومت افسران اور اہلکار وں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لینے کیلئے موثر میکانزم بنائے گی تاکہ عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار محنتی، ایماندار اوردیانتدار سرکاری افسران اوراہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اورناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی بازپرس ہوسکے۔ سرکاری محکموں اور اداروں کو عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہر صورت اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی اور ایسا خود کا رنظام وضع کرنا ہوگا جہاں پر عوام کے مسائل بغیر کسی تاخیر کے تیزی سے حل ہوں۔ سرکاری افسران و اہلکاروں کیلئے تربیت کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ محکموںکوچار سالہ اہداف مقرر کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری محکموں کی استعدادکار میں اضافے اور بہترین سروس ڈلیوری کے حوالے سے حتمی سفارشات تیار کرنے کیلئے سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کمیٹیاں مقررہ مدت میں عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تجاویز پیش کریں۔ دریں اثناء شہبازشریف نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب اظہر حمید کھوکھر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائے۔

ای پیپر-دی نیشن