پیمرا کا نجی ارکان کو نوٹس معطل‘ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج کا اجلاس بھی روک دیا
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیمرا کی جانب سے 3نجی ارکان کو جاری شوکاز نوٹس معطل کر دیا اور فاضل عدالت نے ایگزیکٹو بورڈ ممبران کی تقرری اور حکومت کی جانب سے 27مئی کو طلب کیا گیا پیمرا اجلاس کے احکامات بھی معطل کر دئیے ہیں۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس نورالحق این قریشی نے پیمرا کے نجی ممبران اسرار عباسی، میاں شمس الرحمان اور فریحہ افتخار کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے مئوقف اختیار کیا حکومت نے انہیں ڈرانے دھمکانے کے لئے شوکاز نوٹس جاری کئے ہیں جو غیرقانونی اقدام ہے لہٰذا اس غیرقانونی حکم کو معطل کیا جائے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے ایگزیکٹو بورڈ ممبران کی تقرری اور 27مئی کو طلب کئے گئے اجلاس کے احکامات کو بھی معطل کرنے کی استدعا کی گئی، درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی وزارت اطلاعات پیمرا کے معاملات میں مداخلت کر رہی ہے لہٰذا وزارت اطلاعات کو اس اقدام سے روکا جائے۔ فاضل عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات اور وفاق، نئے مقرر ہونے والے ممبر کمال الدین ٹیپو اور پیمرا کے سرکاری ممبران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عدالت نے پیمرا کا آج بلایا جانے والا اجلاس بھی روک دیا۔ نجی ارکان کے مطابق سرکاری ارکان کا 27مئی کو طلب کیا گیا اجلاس غیرقانونی ہے کیونکہ 28مئی کو نجی ارکان پہلے ہی پیمرا کا اجلاس طلب کر چکے ہیں۔